اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی تعلیمی بورڈ نے نہم و دہم کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر معلوم ہوا کہ 10 میں سے 7 ٹاپ پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں جبکہ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کا کوئی بھی طالبعلم نمایاں پوزیشن حاصل نہیں کر سکا۔
نتائج کے حوالے سے تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے۔ چیئرمین فیڈرل بورڈ نے بتایا کہ اس سال 292,831 طلباء امتحانات میں شامل ہوئے، جن میں 86 نقل کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ کل 1006 امتحانی مراکز بنائے گئے جبکہ 2012 سپروائزرز اور 6996 انوجیلیٹرز تعینات کئے گئے۔
سائنس گروپ میں افیرا اعجاز نے 1089 نمبرز لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، آمنہ نعمان نے 1088 نمبرز کے ساتھ دوسری اور حذیفہ حیدر نے 1086 نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب میں شرکت باعث مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم مومن کی میراث ہے اور ہمیں اسے اپنی روایات سے ہم آہنگ کر کے آگے بڑھنا چاہیے۔


