واشنگٹن (لارڈ میڈیا) امریکی حکام نے بتایا ہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کے لیے ایران سے متعدد بیلسٹک میزائل داغے، تاہم امریکی دفاعی نظام نے تمام میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ حملے کے باوجود مشرق وسطیٰ میں تعینات تمام امریکی افواج محفوظ ہیں اور ہائی الرٹ پر ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں امریکی بحریہ کے 20 سے زائد جنگی جہاز مختلف فوجی مشنز پر تعینات ہیں، جن میں ایران کے خلاف نافذ کردہ بحری ناکہ بندی پر عمل درآمد بھی شامل ہے۔
مزید کہا گیا کہ 28 جولائی تک کارروائیوں کے دوران 18 تجارتی بحری جہازوں کا رخ موڑا گیا، 2 کو ناکارہ بنایا گیا اور مزید 2 جہازوں پر سوار ہو کر تلاشی لی گئی تاکہ امریکی پابندیوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
امریکی حکام نے کہا کہ خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے امریکی افواج مکمل طور پر تیار ہیں۔ دوسری جانب، ایرانی میڈیا کے مطابق بیلسٹک میزائل حملہ اردن میں امریکی فوجی تنصیبات پر کیا گیا ہے۔


