بشکیک (شِنہوا) شِنہوا کے ایک تھنک ٹینک کی جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک صدی میں رونما ہونے والی بے مثال تیز رفتار عالمی تبدیلیوں کے تناظر میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کو ترقی کے نئے اور اہم مواقع میسر آ رہے ہیں۔
"انصاف اور عدل کا فروغ اور عالمی طرز حکمرانی میں بہتری – شنگھائی تعاون تنظیم کے تعاون کی کامیابیاں، مواقع اور مستقبل کے امکانات” کے عنوان سے یہ رپورٹ شِنہوا نیوز ایجنسی کے قومی اعلیٰ سطح تھنک ٹینک نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں جاری کی۔
رپورٹ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے قیام کے بعد گزشتہ 25 برسوں کے دوران حاصل ہونے والی نمایاں کامیابیوں اور تاریخی پیش رفت کا منظم جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ موجودہ بین الاقوامی صورتحال میں تنظیم کے اندر تعاون کے وسیع مواقع کا تفصیل سے تجزیہ اور مشترکہ مستقبل کی حامل شنگھائی تعاون تنظیم برادری کی تعمیر کے روشن امکانات اور عالمی اہمیت کو جامع انداز میں بیان کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم جغرافیائی وسعت اور آبادی کے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی علاقائی بین الاقوامی تنظیم بن چکی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران تنظیم نے انصاف اور عدل کو فروغ دیا، اپنے ادارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنایا اور شنگھائی جذبے پر عملدرآمد کیا، جس کی بنیاد باہمی اعتماد، باہمی فائدہ، مساوات، مشاورت، تہذیبی تنوع کے احترام اور مشترکہ ترقی کے اصولوں پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ تنظیم عالمی امن و ترقی کے فروغ اور بین الاقوامی انصاف و عدل کے تحفظ میں ایک اہم قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 10 برسوں کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم سے توقع ہے کہ وہ ترقیاتی حکمت عملی، باہمی رابطے، ماحول دوست تبدیلی، مالیاتی اختراع، سلامتی کے تعاون اور عوامی روابط سمیت اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دے گی، جس سے اعلیٰ معیار کی ترقی کے ایک نئے مرحلے کا آغاز ہوگا، جو زیادہ اتحاد، بہتر ہم آہنگی، زیادہ سرگرمی اور موثر کارکردگی کا حامل ہوگا۔
رپورٹ میں اس امید کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک مشترکہ مستقبل کی حامل ایس سی او برادری کی تعمیر کو تیز کرنے میں قائدانہ کردار ادا کرتے رہیں گے، جبکہ وہ منصفانہ اور مساوی بین الاقوامی نظام کے معمار اور نئی نوعیت کے بین الاقوامی تعلقات کی مثال بھی بنیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ایس سی او کے رکن ممالک عالمی امور میں تنظیم کی ذمہ داری اور عزم کا مزید موثر مظاہرہ کریں گے، اس کے اتحاد اور بین الاقوامی اثر و رسوخ کو مضبوط بنائیں گے، زیادہ منصفانہ اور مساوی عالمی طرز حکمرانی کے نظام کی تشکیل میں کردار ادا کریں گے اور تمام فریقوں کے ساتھ مل کر انسانیت کے لئے مشترکہ مستقبل کی حامل عالمی برادری کی تعمیر کے لیے کام کریں گے۔
رپورٹ کا مکمل متن چینی، انگریزی، روسی اور کرغز زبانوں میں متعلقہ ویب سائٹس، جرائد، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور دیگر ذرائع کے ذریعے دنیا بھر میں جاری کر دیا گیا ہے۔


