اسلام آباد (لارڈ میڈیا): صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر 2030 تک ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا عزم دہرایا۔ صدر زرداری نے کہا کہ ہیپاٹائٹس ایک قابلِ علاج بیماری ہے اور بروقت تشخیص و علاج اہم ہے۔ انہوں نے غیر محفوظ طبی طریقوں کے خلاف مؤثر قانون کے نفاذ اور عوامی آگاہی کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر ہیپاٹائٹس کے خاتمے کی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے وزیراعظم قومی پروگرام برائے انسداد ہیپاٹائٹس سی کے تحت لاکھوں پاکستانیوں کو مفت سکریننگ اور علاج کی فراہمی کا ذکر کیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ غیر معیاری سرنجوں کے استعمال پر پابندی لگائی گئی ہے اور طبی مراکز میں انفیکشن سے بچاؤ کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام کو بروقت سکریننگ کرانے اور محفوظ طبی اصول اپنانے کی ترغیب دی۔
وزیراعظم نے طبی عملے کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ قومی اتحاد و عوامی تعاون سے پاکستان 2030 تک ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا ہدف حاصل کر سکتا ہے۔


