بیجنگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین برازیل کے ساتھ دوطرفہ اور کثیرجہتی تزویراتی تعاون مزید مضبوط بنانے کے لئے تیار ہے۔
صدر شی جن پھنگ نے یہ بات برازیل کے صدر لوئس اناسیو لولا ڈی سلوا کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کہی۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں چین اور برازیل کے مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر اور دونوں ممالک کی ترقیاتی حکمت عملیوں میں ہم آہنگی کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے، جس نے نہ صرف دونوں ممالک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا بلکہ غیر یقینی عالمی صورتحال میں استحکام پیدا کرنے میں بھی مدد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے قیام کی 105 ویں سالگرہ ہے اور اسی سال چین کے 15 ویں پانچ سالہ منصوبے کا آغاز بھی ہو رہا ہے جبکہ برازیل میں بھی اہم سیاسی سرگرمیاں متوقع ہیں۔ اس تناظر میں چین برازیل کے ساتھ دوطرفہ اور کثیرجہتی تزویراتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے تیار ہے تاکہ دونوں ممالک کے مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر کا عمل مزید آگے بڑھایا جا سکے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ نئی صورتحال اور مسائل کے پیش نظر چین اور برازیل، جو گلوبل ساؤتھ کے اہم رکن ہیں، کو تاریخ کے درست رخ اور انسانی تہذیب کی ترقی کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، عالمی نظم و نسق کے نظام میں اصلاحات اور بہتری کے لئے زیادہ تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے اور بین الاقوامی انصاف اور مساوات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو مل کر وسیع تر برکس تعاون کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینا چاہیے، تعاون کی درست سمت کا تعین کرنا چاہیے، اتحاد کی فضا کو برقرار رکھنا چاہیے، مزید عملی نتائج حاصل کرنے چاہئیں اور گلوبل ساؤتھ کے اتحاد اور خود انحصاری کا نیا باب رقم کرنا چاہیے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین برازیل کے بین الاقوامی مقام اور اہم کردار کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس کی خودمختاری اور آزادی کے تحفظ، بیرونی مداخلت کی مخالفت اور علاقائی و عالمی امن و استحکام کے فروغ میں اس کے کردار کی حمایت کرتا ہے۔
اس موقع پر برازیل کے صدر لوئس اناسیو لولا ڈی سلوا نے کہا کہ برازیل اور چین نے زیادہ منصفانہ دنیا اور زیادہ پائیدار کرہ ارض کے لئے مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر میں مثبت پیش رفت کی ہے جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے جبکہ برازیل۔چین ثقافتی سال کے تحت منعقد ہونے والی سرگرمیوں نے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان دوستی کی بنیاد کو مزید مضبوط کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برازیل مصنوعی ذہانت، توانائی اور معدنی وسائل سمیت مختلف شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے اور مزید چینی کمپنیوں کی برازیل میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے تاکہ دوطرفہ تعاون کو مزید متنوع بنایا جا سکے اور زیادہ مثبت نتائج حاصل ہوں۔
انہوں نے 2026 کی عالمی مصنوعی ذہانت کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر چین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ برازیل مصنوعی ذہانت کے شعبے میں کھلے اور جامع بین الاقوامی تعاون اور عالمی نظم و نسق کے فروغ سے متعلق صدر شی جن پھنگ کے تصور کو سراہتا ہے۔
لولا ڈی سلوا نے مزید کہا کہ برازیل چین کے ساتھ کثیرجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، اقوام متحدہ کے کردار اور اختیار کے تحفظ، برکس کے اندر اتحاد اور تعاون کو فروغ دینے، کثیرجہتی نظام کے دفاع، طاقت کی سیاست کی مخالفت، تنازعات کے حل کے لئے مذاکرات اور مشاورت کی حمایت اور بین الاقوامی انصاف، عالمی امن اور استحکام کے مشترکہ تحفظ کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔


