ممبئی (لارڈ میڈیا): بولی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے جیکب اینڈ کمپنی کے ساتھ مل کر ایک نئی اور خصوصی گھڑی متعارف کرائی ہے، جس کی قیمت 41 لاکھ بھارتی روپے (تقریباً ایک کروڑ 18 لاکھ پاکستانی روپے) بتائی گئی ہے۔ یہ گھڑی اپنی عالیشان ڈیزائن اور خصوصی خصوصیات کی بنا پر فیشن کے شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
سلمان خان نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں اس گھڑی کو متعارف کرایا، جہاں انہوں نے بتایا کہ یہ گھڑی ان کے لئے بہت خاص ہے اور انہوں نے جیکب اینڈ کمپنی کی تعریف کی۔ گھڑی کا ڈیزائن بھارت کی ثقافت کی عکاسی کرتا ہے اور اسے نیلے رنگ کے چمڑے کے پٹے کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
گھڑی میں دنیا کا نقشہ اور بھارتی پرچم کے رنگوں کی جھلک شامل کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ گھڑی میں سلمان خان کے ابتدائی حروف ‘ایس کے’ بھی کندہ کیے گئے ہیں۔ اس گھڑی کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ڈوئل ٹائم زون نظام کے ساتھ آتی ہے، جو دو مختلف مقامات کا وقت دکھاتا ہے۔
یہ گھڑی بھارت کے لگژری ریٹیل پلیٹ فارم ایتھوس انڈیا پر دستیاب ہے۔ ماہرین کے مطابق، یہ گھڑی اپنی کہانی، ڈیزائن اور محدود دستیابی کی وجہ سے خاص اہمیت رکھتی ہے اور فیشن شائقین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔


