اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے اور 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، غیر معمولی جرات اور بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز آپریشن ‘عزمِ استحکام’ کے تحت ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے چوکی پر دہشت گرد حملہ ناکام بناتے ہوئے جوابی کارروائی کے دوران خودکش بمبار سمیت چار خوارج کو ہلاک کر دیا تھا۔


