میرپور (لارڈ میڈیا): آزاد کشمیر کے میرپور ڈویژن کے تین اضلاع کے 13 حلقوں میں انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا ہے۔ پولنگ اسٹیشنوں کو انتخابی سامان کی ترسیل آج شروع ہوگی جبکہ پولنگ کل 27 جولائی کو ہوگی۔
میرپور، کوٹلی اور بھمبھر کے حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 14,01,439 ہے جن میں مرد ووٹرز 7,25,118 اور خواتین ووٹرز 6,75,628 شامل ہیں۔
ڈویژن میں 2,454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں میرپور کے 4 حلقوں میں 597، کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1,107 اور بھمبر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔
انتخابات میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت مختلف جماعتوں کے 296 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ ایل اے 3 میرپور، ایل اے 6 بھمبھر اور ایل اے 10 کوٹلی میں کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے مسلم لیگ ن کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کا وفد ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد پہنچا جہاں ڈاکٹر فاروق ستار نے ن لیگ کی حمایت کا اعلان کیا۔


