ممبئی (لارڈ میڈیا): بالی ووڈ کے معروف موسیقار امال ملک نے ساتھی موسیقار تنشق باگچی پر گانے چرانے اور دوسروں کے کام کا کریڈٹ لینے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ امال ملک نے سوشل میڈیا پر اپنی طویل پوسٹ میں تنشق باگچی کا نام لیے بغیر اشاروں کنایوں میں ان پر تنقید کی۔
امال ملک نے تنشق کو ‘مسٹر ریمکس اور ڈسٹرائر آف اورجنلز’ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ تنشق باگچی نے فلم ‘سیارا’ کے گانے کا کریڈٹ اصل تخلیق کاروں فہیم عبداللہ اور ارسلان نظامی سے چھین لیا۔ امال ملک نے مزید دعویٰ کیا کہ اگر اصل گانا ‘سیاں میرے’ جاری کر دیا جائے تو دنیا کو معلوم ہو جائے گا کہ اس کی اصل تخلیق کس نے کی تھی۔
ملک نے مزید الزام لگایا کہ باگچی کے کئی گانے پاکستانی گانوں یا دیگر موسیقاروں کے کام کی نقل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیارا گانا میری کمپوزیشن ‘ہم نوا میرے’ سے نقل کیا گیا اور گلوکار جوبن نوٹیال نے خاموشی اختیار کی۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ تنشق باگچی کے خواتین گلوکاراؤں کے ساتھ مبینہ رویے پر ‘می ٹو’ جیسے مقدمات بھی سامنے آسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امال ملک کے یہ تمام دعوے ان کی ذاتی سوشل میڈیا پوسٹ پر مبنی ہیں۔ تنشق باگچی نے ان الزامات پر ابھی تک کوئی عوامی ردعمل یا وضاحت جاری نہیں کی ہے۔


