اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے فروٹ بیگنگ منصوبے کو کھجور، انگور، آڑو اور امرود تک توسیع دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت باغبانی کے شعبے میں ویلیو ایڈیشن اور سپلائی چین کی بہتری کے لئے موٴثر اقدامات کر رہی ہے۔
جام کمال خان نے وزارتِ تجارت میں پی ایچ ڈی ای سی کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ فروٹ بیگنگ میٹریل کی مقامی تیاری کے لئے نجی شعبے اور کاغذی صنعت کے ساتھ تعاون بڑھایا جائے۔ انہوں نے بلوچستان اور شمالی پاکستان میں فریز ڈرائنگ منصوبوں کی وسعت کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ فروٹ بیگنگ منصوبے سے پاکستانی پھلوں کے معیار اور عالمی منڈی میں مسابقت میں بہتری آئی ہے۔ جام کمال نے مرچ کے کاشتکاروں کے لئے سولر ٹنل ڈرائرز کے استعمال کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے پی ایچ ڈی ای سی کو صوبائی ہارٹیکلچر ایکسپوز اور فوڈ ایگ نمائشوں میں بھرپور شرکت کرنے اور ایگزم بینک کو چھوٹے زرعی پروسیسنگ یونٹس کی مالی معاونت میں کردار ادا کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔


