ممبئی (لارڈ میڈیا) اداکار وکرانت میسی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ دیپیکا پاڈوکون کے ساتھ فلم ‘چھپاک’ میں کام کرنے سے ہچکچا رہے تھے۔ وکرانت میسی نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ خوداعتمادی کی کمی کا شکار تھے اور انہیں محسوس ہوتا تھا کہ دیپیکا پاڈوکون کے ساتھ ان کی جوڑی اسکرین پر اچھی نہیں لگے گی۔
وکرانت میسی نے کہا کہ ان کی ہچکچاہٹ کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ان کا قد دیپیکا کے برابر تھا، جس کی وجہ سے وہ اسکرین پر اچھے نہیں لگتے۔ اداکار کے مطابق انہوں نے فلم چھوڑنے کا بھی فیصلہ کر لیا تھا۔
تاہم، فلم کی ہدایتکارہ میگھنا گلزار نے ان کا حوصلہ بڑھایا اور یقین دلایا کہ ان کی جوڑی اسکرین پر بہترین نظر آئے گی۔ وکرانت نے اعتراف کیا کہ میگھنا گلزار سمیت کئی ہدایتکاروں کے اعتماد نے ان کی خوداعتمادی میں اضافہ کیا۔
فلم ‘چھپاک’ میں وکرانت میسی نے امول نامی سماجی کارکن کا کردار ادا کیا تھا، جو تیزاب گردی کا شکار ایک لڑکی کی جدوجہد میں اس کا ساتھ دیتا ہے۔ ان کی اداکاری اور دیپیکا پاڈوکون کے ساتھ کیمسٹری کو ناقدین اور ناظرین دونوں نے سراہا۔


