مظفرآباد (لارڈ میڈیا): آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے ضابطۂ اخلاق جاری کرتے ہوئے سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ عام انتخابات کے دوران ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمیشن شفاف، آزاد اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی ضابطۂ اخلاق کی پابندی کریں۔
اس حوالے سے وضاحت کی گئی ہے کہ وفاقی اور صوبائی وزرا انتخابی مہم چلا سکتے ہیں، مگر سرکاری پروٹوکول اور وسائل استعمال نہیں کر سکتے۔ سرکاری مشینری کو انتخابی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہوگی۔
اسی طرح انتخابی مہم کے دوران نئی ترقیاتی اسکیموں یا مالی پیکجز کا اعلان ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ عوامی مفاد کے نئے منصوبوں کے اعلانات بھی خلاف ورزی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے وفاقی و صوبائی وزرا، امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں وفاقی یا صوبائی حکومت کی جانب سے بھیجی گئی گاڑیاں، سامان اور امدادی اشیاء ضبط کر لی جائیں گی۔ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


