بشکیک (لارڈ میڈیا): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کرغزستان کے دورے کے دوران تاجکستان، ازبکستان، قازقستان اور بیلاروس کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں اور باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے کرغزستان کے وزیر خارجہ ژین بیک مولدوکانووچ کولوبایف سے ملاقات میں پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے دسمبر 2025 میں کرغزستان کے صدر کے دورۂ پاکستان اور جولائی 2026 میں صدر پاکستان کے کرغزستان دورے کے دوران طے پانے والی مفاہمتوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر بھی بات کی۔
تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین سے ملاقات میں اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے امن و استحکام کے فروغ کے لیے قریبی تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے ملاقات میں اسحاق ڈار نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
قازقستان کے نائب وزیراعظم یرمیک کوشیربایف سے ملاقات میں قازقستان کے صدر جومارت توقایف کے دورہ پاکستان کے بعد دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، توانائی اور علاقائی روابط کے فروغ پر اتفاق کیا۔
بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریژینکوف سے ملاقات میں اقتصادی، دفاعی، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر 2025 تا 2027 کے جامع تعاون کے روڈ میپ پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔


