ہومتازہ ترینمون سون 2026 کے لیے این ڈی ایم اے کی ہنگامی تیاریوں...

مون سون 2026 کے لیے این ڈی ایم اے کی ہنگامی تیاریوں کا جائزہ

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا چوتھا اجلاس ہوا جہاں مون سون 2026 کے دوران ادارہ جاتی تیاریوں اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ وفاقی وزیر آبی وسائل میاں معین وٹو، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ مون سون تیاریوں کے حوالے سے تمام صوبائی محکموں کے ساتھ رابطے کو مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے کاموں میں تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے قومی سطح پر مکمل طور پر متحرک ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے مون سون کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تیاریوں، ہنگامی منصوبہ بندی اور ریسکیو وسائل کی دستیابی پر بریفنگ دی۔ عوامی آگاہی مہم، امدادی سامان کی بروقت فراہمی، انخلا کے منصوبوں، بین الادارہ جاتی تعاون، سڑکوں کی بحالی، بجلی کی فراہمی، ڈیموں کے انتظام اور آبی صورتحال کی نگرانی سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ایمرجنسی رسپانس کمیٹی نے تمام متعلقہ اداروں کو مون سون سیزن کے دوران مکمل تیاری برقرار رکھنے، مواصلاتی نظام فعال رکھنے اور حساس آبادی و اہم انفراسٹرکچر کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے بروقت فیصلوں اور وسائل کی فوری فراہمی کے لیے اداروں کے درمیان مؤثر اور مربوط رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں مون سون 2026 کے دوران انسانی جانوں، روزگار اور قومی انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے قومی سطح پر مربوط اور مؤثر ردعمل تشکیل دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں