واشنگٹن (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی اعلیٰ انتظامیہ سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری اصلاحاتی پروگراموں اور مستقبل کے اقتصادی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال ہوا۔
وزارت خزانہ کے مطابق، وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ڈین کٹز، نائجل کلارک، جہاد ازعور اور ایوا پیٹرووا سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) پروگراموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف حکام کو ملک کی بہتر ہوتی مالی صورتحال، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور ریکارڈ ترسیلات زر سے آگاہ کیا۔ ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، نجکاری کے عمل اور بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹ میں پاکستان کی واپسی پر بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقاتوں میں نجی شعبے کی قیادت میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی، ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر اعتماد اور کامیابی کا اعتراف کرنے پر آئی ایم ایف کا شکریہ ادا کیا۔


