کراچی (لارڈ میڈیا): سندھ کے مختلف شہروں میں طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش جاری ہے جس سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ تاہم، کئی اضلاع میں سڑکیں زیرِ آب آگئی ہیں اور بجلی بھی معطل ہو گئی ہے۔ کندھ کوٹ، خیرپور، کشمور، سکھر اور پنوعاقل سمیت متعدد علاقوں میں شدید بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کندھ کوٹ میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے شہر کے کئی راستوں پر پانی جمع ہو گیا ہے اور آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے جبکہ تیز ہواؤں کی وجہ سے متعدد بجلی کے فیڈرز بند ہو گئے ہیں۔ خیرپور اور اس کے گردونواح میں بھی طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید برسات ہوئی جس سے شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔ کشمور، گڈو، بخشاپور اور بڈانی میں بھی بادل کھل کر برسے جہاں نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا اور بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر جانے سے علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ سکھر شہر میں موسلا دھار بارش سے ایک درجن سے زائد فیڈرز بند ہو گئے اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ پنوعاقل میں تیز ہواؤں کے باعث بجلی کے فیڈرز بند ہو گئے جس سے پورا شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو سڑکوں سے پانی کی نکاسی اور بجلی کے نظام کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔


