کراچی (لارڈ میڈیا) چین کی معروف الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی بی وائی ڈی نے کراچی پورٹ پر دو ہزار سے زائد جدید الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیاں اتار دی ہیں۔ اس اقدام کو پاکستان کی آٹو موبائل انڈسٹری میں ایک بڑی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ایم وی گرانڈے شنگھائی نامی خصوصی جہاز نے کراچی پورٹ ٹرمینل پر لنگرانداز ہو کر گاڑیوں کو براہ راست چلا کر باہر نکالا، جس سے منتقلی کا عمل تیز اور محفوظ ہو گیا۔
بی وائی ڈی کی پاکستان میں باضابطہ پارٹنر میگا موٹر کمپنی نے اس کھیپ کی تصدیق کی ہے۔ کمپنی نے کہا کہ صارفین کی بڑھتی طلب الیکٹرک گاڑیوں کی شپمنٹ کے حجم میں واضح نظر آ رہی ہے۔
پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، جہاں حکومتی پالیسیوں کی توجہ بائیکس اور رکشوں کی الیکٹرک منتقلی پر ہے جبکہ چارجنگ اسٹیشنز کی کمی ایک بڑا چیلنج ہے۔
بی وائی ڈی پاکستان کے وائس پریذیڈنٹ دانش خلیق نے کہا کہ یہ پیش رفت پاکستانی شائقین کے الیکٹرک گاڑیوں پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے اور ہم ملک بھر میں آفٹر سیلز نیٹ ورک اور چارجنگ نظام کو تیزی سے پھیلا رہے ہیں۔


