ہومتازہ ترینایئر کمبوڈیا نے چین کے تیار کردہ 20 سی 909 علاقائی جیٹ...

ایئر کمبوڈیا نے چین کے تیار کردہ 20 سی 909 علاقائی جیٹ طیاروں کا آرڈر دے دیا

شنگھائی (شِنہوا) کمبوڈیا کی قومی ایئرلائن ’ایئر کمبوڈیا‘ نے 20 سی 909 علاقائی جیٹ طیارے خریدنے کے لئے کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنہ لمیٹڈ (کومیک) کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔

کومیک نے بتایا کہ شنگھائی میں ہونے والے اس معاہدے کے بعد ایئر کمبوڈیا چین کے تیار کردہ سی 909 طیاروں کا ایک بڑا آرڈر دینے والی پہلی غیر ملکی قومی ایئرلائن بن گئی ہے۔

طیاروں کی پہلی کھیپ 2026 کی دوسری ششماہی میں فراہم کئے جانے کا امکان ہے جس کے بعد یہ طیارے ایئرلائن کے تجارتی بیڑے کا حصہ بن جائیں گے۔

صنعت سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان نئے طیاروں کی بدولت ایئر کمبوڈیا کو اپنے فضائی روٹس کے نیٹ ورک کو وسعت دینے، مسافروں کو لانے اور لے جانے کی صلاحیت بڑھانے اور کمبوڈیا کی علاقائی مارکیٹوں کے ساتھ روابط مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

اس کے علاوہ کومیک اور کمبوڈیا کے سول ایوی ایشن کے اسٹیٹ سیکرٹریٹ نے ہوا بازی کی حفاظت، پرواز کی اہلیت کی تصدیق اور عملے کی تربیت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لئے ایک مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے۔

سی 909 طیارہ جو پہلے اے آر جے 21 کے نام سے جانا جاتا تھا، میں 78 سے 97 مسافروں کی گنجائش ہے اور یہ 2,225 سے 3,700 کلومیٹر تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ خاص طور پر چھوٹے اور تنگ رن وے والے ہوائی اڈوں کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے، یہ شدید گرمی، زیادہ بلندی اور تیز مخالف ہواؤں والے حالات میں بھی بہترین کارکردگی دکھاتا ہے۔

اپریل 2023 میں انڈونیشیا سے اپنی خدمات شروع کرنے کے بعدسی 909 نے بیرون ملک اپنی پروازوں کا دائرہ وسیع کیا ہے۔ یہ اب لاؤس اور ویتنام سمیت دیگر مارکیٹوں میں بھی زیر استعمال ہے جہاں یہ 28 غیر ملکی شہروں کو خدمات فراہم کر رہا ہے اور اب تک 10 لاکھ سے زائد مسافر اس پر سفر کر چکے ہیں۔

یہ جیٹ طیارہ چین کے اپنے اندرونی علاقوں میں چلنے والے علاقائی طیاروں کے بیڑے کا تقریباً 70 فیصد حصہ ہے۔ چین اس وقت دنیا میں ہوائی سفر کرنے والی سب سے بڑی آبادی کا حامل ملک ہے۔

چین کی شہری ہوابازی انتظامیہ کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران چین میں ہر سال تقریباً 4 کروڑ نئے ہوائی مسافروں کا اضافہ ہوا جس سے ہوائی سفر کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 47 کروڑ تک پہنچ گئی ہے جو 2019 کے مقابلے میں 16 کروڑ زیادہ ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں