تہران (لارڈ میڈیا): ایران نے کہا ہے کہ اس کا اپنے پڑوسی یا خطے کے اسلامی ممالک کے ساتھ تصادم کا کوئی ارادہ نہیں ہے، تاہم اگر امریکا نے ایران پر حملے جاری رکھے تو جنگ کا دائرہ نئے محاذوں تک پھیل سکتا ہے۔ ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرمینیا نے بیان میں کہا کہ ایران خطے کے ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کا حامی ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ایران ہمسایہ ممالک کے خلاف محاذ آرائی نہیں چاہتا، بلکہ استحکام اور تعاون کو ترجیح دیتا ہے۔
محمد اکرمینیا نے خبردار کیا کہ اگر امریکا کی جانب سے فوجی کارروائیاں جاری رہیں تو ایران جوابی کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکی جارحیت برقرار رہی تو جنگ نئے محاذوں تک پھیل جائے گی۔ ایران کی مسلح افواج کی تمام صلاحیتیں ابھی تک استعمال نہیں کی گئیں، اور مزید حملوں کی صورت میں ایران کا ردعمل سخت ہو سکتا ہے۔
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور خطے میں فوجی سرگرمیوں کے باعث مشرق وسطیٰ کی صورتحال حساس سمجھی جا رہی ہے۔ ایران کی کوشش ہے کہ پڑوسی ممالک کو یقین دہانی کرائے کہ اس کی پالیسی ان کے خلاف نہیں، جبکہ امریکا کو سخت پیغام دے رہا ہے کہ مزید حملوں پر تنازع وسیع ہو سکتا ہے۔


