پشاور (لارڈ میڈیا) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے رات گئے بغیر پروٹوکول تھانہ یونیورسٹی ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے تھانے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور حوالات میں موجود افراد سے ملاقات کرکے ان کے مسائل معلوم کیے۔
وزیراعلیٰ نے تھانے میں تعینات پولیس اہلکاروں سے گفتگو کی اور ان کے پیشہ ورانہ امور، ڈیوٹی کے حالات اور درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ تھانے عوام کے لیے انصاف اور تحفظ کی پہلی دہلیز ہے اور ہر شہری کو عزت، سہولت اور فوری رسائی فراہم کی جائے۔ انہوں نے زیرِ حراست افراد کے ساتھ انسانی وقار، قانون اور آئین کے مطابق برتاؤ اور قانونی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ تھانے آنے والے ہر شہری کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور شکایات سن کر فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق باوقار، شفاف اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ریاست مدینہ کے تصور کے مطابق کمزور اور بے سہارا افراد کے حقوق کا تحفظ اور مساوی انصاف ریاست کی اصل طاقت ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام دوست، جوابدہ اور خدمت پر مبنی پولیسنگ کے فروغ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔


