اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی آئینی عدالت نے حارث اسٹیل ملز ریفرنس ختم کرنے کے خلاف درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک موجودہ اسٹیٹس برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ بینک کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ جعلی دستاویزات کی بنیاد پر فراڈ کے ذریعے قرض لیا گیا جس میں بینک آف پنجاب کے بعض افسران بھی شامل تھے۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ کیا اس وقت دستاویزات کی جانچ پڑتال نہیں کی جاتی تھی؟ پہلے احتیاط نہیں کرتے، وقوعہ ہونے کے بعد جاگتے ہیں۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ نکتہ یہ ہے کہ کیا نیب کے ریفرنس ختم کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔ مزید سماعت عدالتی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دی گئی۔
عدالت نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے خلاف انکوائری، کامیاب امیدواروں کے انٹرویو روکنے اور ناکام امیدواروں کے پرچے دوبارہ چیک کرنے کے سندھ ہائی کورٹ کے عبوری احکامات معطل کر دیے۔
چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں بنچ نے ایرانی ڈیزل سمگلنگ کی ایف آئی آر کالعدم قرار دینے کیخلاف اپیل پر مال مقدمہ واپس کرنے پر حکم امتناع کی کسٹمز کی استدعا مسترد کردی۔
کسٹمز کے وکیل نے کہا اسمگل شدہ ڈیزل پکڑ کر نیلام کیا جاتا ہے، جسٹس روزی خان نے کہا کہ ایک ٹینکر کا اجازت نامہ دس دس ٹینکرز لانے میں استعمال ہوتا ہے۔
دریں اثنا عدالت نے مونال ریسٹورنٹ کو مسمار کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ کالعدم کرنے کا تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی حدود کے اندر مفادِ عامہ کے لیے کسی بھی تعمیراتی منصوبے یا تعمیری سرگرمی کی منظوری کا اختیار سی ڈی اے کا ہے۔


