اسلام آباد (لارڈ میڈیا) : وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان انیمل آئی ڈینٹفکیشن اینڈ ٹریسبلیٹی سسٹم پیٹس کا افتتاح کیا ہے۔ انہوں نے لائیو اسٹاک سے متعلق سمینار کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو زرخیز زمین عطا فرمائی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ گرین کارپوریٹ لائیو اسٹاک انیشیٹو کی کاوشیں قابل ستائش ہیں اور ہمیں صوبوں کے ساتھ مل کر لمبا سفر طے کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دودھ کی پیداوار کے حوالے سے دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے اور ہماری تجارت کی صلاحیت بہت زیادہ ہے جبکہ چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے۔
وزیراعظم نے زراعت کے شعبے میں تیزی سے آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے معیشت کو ایک سال میں ترقی مل سکتی ہے۔ اس سال چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے ایک ہزار گریجویٹس کو چین بھجوایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے پورے سسٹم کو اسکریپ کیا اور تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرائی تاکہ بچے چین سے کیا سیکھ کر آئے ہیں۔ مزید ایک ہزار بچوں کو چین بھیجنے کا اعلان کیا گیا اور جدید ٹیکنالوجی سے زراعت میں انقلاب آئے گا۔


