اسلام آباد (لارڈ میڈیا): قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری نے تجویز دی ہے کہ وزیراعظم کو کابینہ کے مکمل اعتماد کے بغیر فوری نوعیت کے معاملات میں جلد فیصلے کرنے کا اختیار دیا جائے۔ کمیٹی کے اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی ترمیمی بل 2026 کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن سحر کامران نے بل پر تحفظات کا اظہار کیا جبکہ چیئرمین کمیٹی سمیت دیگر ارکان نے بل کی حمایت کی۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وزیراعظم کو بااختیار ہونا چاہیے اور تقرری کے فیصلوں کا اختیار ہونا چاہیے۔
سیکریٹری نجکاری نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ یہ ایکسرسائز کابینہ کے فیصلے کے مطابق شروع ہوئی ہے اور وزارت قانون کے حکام نے بتایا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے فیصلہ کیا تھا کہ کابینہ تمام فیصلے کرے۔
رکن کمیٹی چوہدری محمود بشیر ورک نے کہا کہ وزیراعظم کابینہ کے مکمل اعتماد کے بغیر فیصلہ سازی نہیں کرسکتا اور وزیراعظم معمولی فیصلے کے لیے کابینہ اجلاس بلائے یہ درست نہیں، لہٰذا جلدی فیصلے کرنے کے لیے وزیراعظم کو اختیار دیا جائے۔


