اسلام آباد (لارڈ میڈیا): الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے 15 روز بعد دوبارہ مشاورتی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں الیکشن کمیشن کے اراکین، سیکرٹری الیکشن کمیشن، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے 23 اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کر لیا ہے، جس کے بعد بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا تعین ناگزیر ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے اور الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(4) کے مطابق بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی قانونی ذمہ داری ہے۔
خیبرپختونخوا میں بلدیاتی اداروں کی مدت 14 مارچ اور 19 جون 2026 کو ختم ہو چکی ہے اور الیکشن کمیشن انتخابات کی تیاری مکمل کر چکا ہے۔ حکام نے بتایا کہ انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے صوبائی حکومت سے مشاورت جاری ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ الیکشن کمیشن کا مشاورتی خط فوری طور پر صوبائی کابینہ کو ارسال کر دیا گیا ہے اور صوبائی حکومت انتخابات کے لیے انتظامی تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔
اجلاس کے اختتام پر الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری سے متعلقہ سمری کی نقل فراہم کرنے کی درخواست کی اور فیصلہ کیا کہ 15 روز بعد دوبارہ مشاورتی اجلاس منعقد ہوگا۔


