دبئی (لارڈ میڈیا): متحدہ عرب امارات نے آبنائے ہرمز کو بائی پاس کرنے کے لئے مشرقی ساحلی ریاست فجیرہ میں نئی کثیرالمقاصد بندرگاہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق امارات نے دبئی کی بندرگاہوں پر انحصار کم کرنے اور تجارتی راستوں کے متبادل کے لئے یہ منصوبہ تیار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کے تحت نہ صرف نئی بندرگاہ تعمیر ہوگی بلکہ موجودہ پورٹ آف فجیرہ میں جدید کنٹینر ٹرمینل بھی قائم کیا جائے گا تاکہ درآمدی اور برآمدی سرگرمیوں کو وسعت دی جا سکے۔
منصوبے کا مقصد دبئی کی جبل علی پورٹ پر انحصار کم کرنا اور بحری تجارتی راستے کو آبنائے ہرمز سے بائی پاس کرنا ہے۔ حالیہ مہینوں میں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت متاثر ہوئی، جس کے بعد امارات نے تجارتی سلامتی کے متبادل راستوں پر توجہ دینا شروع کی۔


