اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ماہ صفر 1448 ہجری کے چاند کی رویت سے متعلق پیش گوئی جاری کی ہے۔ سپارکو کے مطابق چاند 14 جولائی 2026 کو دوپہر 2 بج کر 44 منٹ پر پیدا ہوگا۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ 15 جولائی کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 29 گھنٹے ایک منٹ ہوگی، اور پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً 65 منٹ کا وقفہ ہوگا، جو موزوں رویت کی نشاندہی کرتا ہے۔
ان فلکیاتی عوامل کی بنیاد پر 15 جولائی 2026 کی شام صفر کا چاند نظر آنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں، جس سے یکم صفر 1448 ہجری بروز جمعرات، 16 جولائی 2026 کو ہونے کی توقع ہے۔
تاہم سپارکو نے واضح کیا ہے کہ صفر کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کی جانب سے شرعی شہادتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔


