ہومتازہ ترینچین کے شین ژو-23 مشن کے خلا بازوں کا نئے پیمائشی آلے...

چین کے شین ژو-23 مشن کے خلا بازوں کا نئے پیمائشی آلے کا کامیاب تجربہ

بیجنگ (شِنہوا) شین ژو-23 خلائی مشن کے تین رکنی عملے نے چین کے خلائی سٹیشن پر مدار میں وزن ناپنے والے ایک اپ گریڈ شدہ آلے کا کامیاب تجربہ کیا ہے جبکہ تینوں خلاباز مدار میں اپنے 50ویں دن کے قریب پہنچ رہے ہیں اور ان کے سائنسی تجربات کا دائرہ مسلسل وسیع ہو رہا ہے۔

چین کے انسان بردار خلائی ادارے (سی ایم ایس اے) کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو کے مطابق نئے آلے کے تجربے کے علاوہ خلا باز ژو یانگ ژو، ژانگ ژی یوآن اور لی جیا ینگ نے گزشتہ ہفتے کے دوران خلائی حیاتیاتی علوم اور انسانی تحقیق کے شعبوں میں بھی متعدد تجربات انجام دیئے۔

سی ایم ایس اے کے مطابق عضلات اور ہڈیوں کے نظام پر بوجھ کے مطالعے کے لئے خلا بازوں نے مختلف بوجھ کے ساتھ دوڑنے اور مزاحمتی ورزش کے دوران پیروں کے دباؤ، نچلے اعضاء کی حیاتیاتی حرکیات اور عضلات اور ان سے جڑی بافتوں کی خصوصیات کا جائزہ لیا۔ اس دوران پیروں کے دباؤ، جوڑوں کی حرکت، جسمانی حرکات کی تصاویر اور عضلات سے متعلق مختلف معلومات جمع کی گئیں تاکہ عضلات اور ان سے جڑی بافتوں کے باہمی تعامل میں آنے والی تبدیلیوں کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔

عملے نے انفراریڈ دماغی فنکشنل امیجنگ آلات کے ذریعے اعصابی کارکردگی سے متعلق تجربات بھی کئے۔ زمین پر موجود محققین ان اعداد و شمار کی مدد سے یہ جانچیں گے کہ خلائی ماحول خلا بازوں کی ذہنی کارکردگی اور ادراک کی صلاحیتوں پر کس طرح اثر انداز ہوتا ہے۔

خلا بازوں نے بے وزنی کے جسمانی اثرات سے بچاؤ کے لئے روزانہ کی معمول کی ورزش بھی جاری رکھی۔

واضح رہے کہ چین نے 24 مئی کو شین ژو-23 انسان بردار خلائی جہاز روانہ کیا تھا۔ اس مشن کی ایک نمایاں خصوصیت مدار میں ایک سالہ قیام کے تجربے کا آغاز ہے جس سے مستقبل کے طویل المدتی خلائی مشنز کے لئے اہم سائنسی معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں