اسلام آباد (لارڈ میڈیا): نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار سے برطانوی دارالامرا کے رکن لارڈ عامر سرفراز نے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات، برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور برطانیہ کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
لارڈ عامر سرفراز نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں نائب وزیرِ اعظم کے مسلسل اور فعال کردار کو سراہا۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش اہم مسائل اور دونوں ممالک کے لیے ان کی خدمات سے آگاہ کیا۔
نائب وزیرِ اعظم محمد اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی، بالخصوص لارڈ عامر سرفراز جیسے ممتاز پارلیمنٹیرینز، دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستانی کمیونٹی عوامی روابط، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گی۔


