آئیڈاہو (لارڈ میڈیا): امریکی شہری ڈیوڈ رش نے 125 ٹی شرٹس پہن کر مکمل میراتھن دوڑنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے سب سے زیادہ ٹی شرٹس پہن کر میراتھن مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پہلے یہ ریکارڈ 100 ٹی شرٹس کا تھا، جو اب ڈیوڈ رش نے توڑ دیا ہے۔
ڈیوڈ رش نے مئی میں منعقدہ وائی ایم سی اے فیمس آئیڈاہو پوٹیٹو میراتھن میں 125 ٹی شرٹس پہن کر 42.195 کلومیٹر کی میراتھن مکمل کی۔ انہوں نے مقررہ چھ گھنٹے کی حد سے پانچ منٹ پہلے، یعنی 5 گھنٹے، 54 منٹ اور 50 سیکنڈ میں ریس ختم کی اور نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
ڈیوڈ رش نے بتایا کہ وہ اس سے قبل 2025 میں ہونے والی فیمس آئیڈاہو پوٹیٹو ہاف میراتھن میں 137 ٹی شرٹس پہن کر نصف میراتھن کا ریکارڈ بھی بنا چکے تھے۔ انہوں نے اس چیلنج کی تیاری کے لیے اضافی وزن کے ساتھ دوڑنے اور متعدد تہوں والے کپڑے پہن کر خصوصی تربیت حاصل کی تھی تاکہ جسم اس بوجھ کا عادی ہو سکے۔
میراتھن کے دوران شدید گرمی کے باعث ان کی طبیعت بگڑ گئی تھی اور جسم کا درجہ حرارت بڑھنے لگا۔ راستے میں واقع ایک گالف کلب سے ہنگامی بنیادوں پر برف حاصل کی گئی، جس نے انہیں اسپتال پہنچنے سے بچا لیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیوڈ رش نے کہا کہ ریس مکمل کرنے کے بعد 125 ٹی شرٹس اتارنا بھی کسی آزمائش سے کم نہیں تھا۔ مسلسل رگڑ کی وجہ سے جسم کی جلد سرخ ہو گئی اور کپڑوں کے دباؤ نے ان کی کمر پر گہرے نشانات چھوڑ دیے۔


