بیجنگ (لارڈ میڈیا): چین میں سمندری طوفان باوی نے شدید تباہی مچادی ہے، جس کے باعث لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق باوی نے تائی ژو میں لینڈ فال کیا اور پھر وین ژو کے قریب دوبارہ ساحل سے ٹکرایا، جس سے ساحلی علاقوں میں نقصان ہوا۔
حکام نے بتایا ہے کہ طوفان کا پھیلاؤ تقریباً ایک ہزار کلومیٹر تک ہے، جسے فرانس کے رقبے کے برابر قرار دیا گیا ہے۔ اگرچہ طوفان کی شدت اب کیٹیگری ون تک کم ہوگئی ہے، لیکن شدید نمی کے باعث موسلا دھار بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
مشرقی ژی جیانگ اور شمال مشرقی فوجیان صوبوں میں غیر معمولی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ژی جیانگ صوبے میں 17 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
طوفان کے باعث اسکول، دفاتر اور بیرونی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں، جبکہ 400 سے زائد پروازیں اور درجنوں ٹرین سروسز بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ باوی نے جاپان کے جزائر کو بھی متاثر کیا ہے، جہاں ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ فلپائن میں لینڈ سلائیڈنگ سے 17 افراد ہلاک ہوگئے۔
ماہرین موسمیات نے آئندہ گھنٹوں میں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ظاہر کی ہے، اور حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔


