تہران (لارڈ میڈیا): ایران کی پاسداران انقلاب اسلامی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اردن میں پرنس حسن ایئر بیس پر امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے اور آبنائے ہرمز کو تاحکم ثانی بند کردیا ہے۔ ترجمان کے مطابق حملے میں بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے اور ایرو اسپیس فورسز نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور ایم کیو-9 ڈرونز کے ہینگرز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی حملے کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھ گئی ہے، بحرین میں سائرن بجنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کی تصدیق بحرین کی وزارت داخلہ نے کی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کے مطابق فضائی دفاعی نظام ایران سے آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے میں مصروف ہے جبکہ قطر کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ملک کو نشانہ بنانے والا میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز کو تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ کسی بھی بحری جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور کسی بھی غلطی کی صورت میں سخت جواب دیا جائے گا۔


