اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاکستان کے لائیو اسٹاک شعبے میں مویشیوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جس نے ڈیری اور گوشت کے شعبے میں نمایاں وسعت پیدا کی ہے۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ 7ویں زرعی مردم شماری 2024 کے نتائج کے مطابق، گزشتہ 18 سالوں میں مویشیوں کی تعداد میں 89 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، بھینسوں کی تعداد میں 75 فیصد جبکہ بکریوں کی تعداد 78 فیصد بڑھ کر 9 کروڑ 58 لاکھ 30 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ، ڈیری گائیوں کی تعداد میں 140 فیصد اور ڈیری بھینسوں کی تعداد میں 111 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید ڈیجیٹل مردم شماری نظام مویشیوں کے درست اعداد و شمار کی نگرانی، مؤثر منصوبہ بندی اور بہتر پالیسی سازی میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔
مویشیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نہ صرف ڈیری اور گوشت کے شعبے میں ترقی کا باعث بن رہی ہے بلکہ لائیو اسٹاک ویلیو چین میں سرمایہ کاری، پیداوار اور برآمدات کے نئے مواقع بھی پیدا کر رہی ہے۔ یہ پیش رفت پاکستان کے زرعی شعبے کی بہتری، دیہی معیشت کے استحکام اور لائیو اسٹاک سیکٹر کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے۔


