راولپنڈی (لارڈ میڈیا) راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں مبینہ طور پر دوسری مرتبہ ڈیزائن میں تبدیلی پر پنجاب حکومت نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا سرور کو ابتدائی رپورٹ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ انہوں نے راولپنڈی کا دورہ کیا اور آر ڈی اے سے منصوبے کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔
پنجاب حکومت کی منظوری کے بغیر ڈیزائن میں مبینہ تبدیلی کرنے کے معاملے پر لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں رٹ دائر کی گئی ہے۔ تحقیقات میں این او سی کے اجراء کی بنیادوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق 28 جنوری 2026 کے مبینہ این او سی کا سرکاری ریکارڈ بھی دیکھا جا رہا ہے۔ ریکارڈ کے مطابق سرمایہ کار مظہر رحیم اعوان نے منصوبے میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔
آر ڈی اے کی انٹرا کورٹ اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سروس ایریا کو رنگ روڈ سے رسائی دینے سے منظور شدہ ڈیزائن متاثر ہوتا ہے۔
سابق کمشنر عامر خٹک اور دیگر افسران کے خلاف کارروائی کا امکان ہے اگر ابتدائی رپورٹ میں بے ضابطگیاں ثابت ہوئیں تو۔


