بوسٹن (لارڈ میڈیا): فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے مراکش کو 0-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ کپتان ایمباپے اور ڈیمبیلے کی عمدہ کارکردگی کی بدولت فرانس سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بنی۔ میچ کی ابتداء سے ہی فرانسیسی ٹیم چھائی رہی اور پہلے ہاف کے بغیر کسی گول کے برابری کے بعد، دوسرے ہاف میں 6 منٹ کے اندر دو گول کرکے میچ اپنے نام کیا۔
بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فرانسیسی ٹیم نے مراکش کے گول پر کئی حملے کیے۔ ایمباپے کو ڈی میں گرانے پر فرانس کو پینلٹی ملی لیکن مراکشی گول کیپر نے اسے روک لیا۔ پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے رہا۔
دوسرے ہاف میں 60ویں منٹ میں ایمباپے نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی اور 66ویں منٹ میں ڈیمبیلے نے خوبصورت گول کرکے فرانس کی برتری کو دوگنا کردیا۔ 82ویں منٹ میں مراکش کو فری کک ملی لیکن فرانسیسی گول کیپر نے اسے ناکام بنایا۔
ایمباپے کے رواں ورلڈکپ میں گول کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔ وہ فیفا ورلڈ کپ کے دو مختلف ایڈیشنز میں 8، 8 گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ ایمباپے نے 2022 کے قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ میں بھی مجموعی طور پر 8 گول کیے تھے۔


