منامہ (لارڈ میڈیا) بحرین نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں یا دیگر فضائی پروجیکٹائلز کو اس کے فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے روک کر تباہ کر دیا ہے۔
بحرین کے شاہی میڈیا مشیر نبیل الاحمر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ منگل کی صبح سے اب تک ملک میں چوتھی مرتبہ فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بحرین کا فضائی دفاعی نظام ایرانی حملوں کا فضا میں مقابلہ کر رہا تھا اور تمام آنے والے پروجیکٹائلز کو تباہ کر دیا گیا۔
بحرینی حکام کے مطابق فضائی دفاعی کارروائی کے دوران سکیورٹی ادارے مکمل طور پر متحرک رہے، جبکہ شہریوں کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین بھی کی گئی۔ تاحال ایران کی جانب سے بحرین کے ان دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، جبکہ اس واقعے کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ فوجی کشیدگی کے بعد خلیجی خطے میں سکیورٹی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔ بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا مرکزی اڈہ بھی موجود ہے، جس کے باعث خطے کی صورتحال پر عالمی توجہ مرکوز ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی برقرار رہی تو خلیجی ممالک میں فضائی دفاعی نظام کو مزید الرٹ رہنا پڑ سکتا ہے، جبکہ سفارتی کوششیں بھی تیز کیے جانے کا امکان ہے۔


