بیجنگ(شِنہوا) چائنیز پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی بحریہ نے ایک آبدوز سے سٹریٹجک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
چینی بحریہ کے مطابق ایک سٹریٹجک جوہری آبدوز نے دوپہر 12 بج کر ایک منٹ پر بحرالکاہل کے متعلقہ بین الاقوامی سمندری علاقے کی جانب ایک فرضی وارہیڈ سے لیس سٹریٹجک میزائل کامیابی سے داغا جو مقررہ سمندری حدود میں انتہائی درستگی کے ساتھ جا گرا۔
بحریہ نے کہا کہ یہ تجربہ چینی بحریہ کی سالانہ تربیتی مشقوں کا معمول کا حصہ ہے اور اس حوالے سے متعلقہ ممالک کو پیشگی اطلاع دے دی گئی تھی۔
چینی بحریہ کے مطابق یہ تجربہ بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی روایات کے مطابق کیا گیا ہے اور اس کا رخ کسی مخصوص ملک یا ہدف کی جانب نہیں تھا۔


