چھنگ ڈاؤ (شِنہوا) چین اور روس نے پیر کے روز چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے شہر چھنگ ڈاؤ میں واقع ایک فوجی بندرگاہ پر "جوائنٹ سی-2026” کے نام سے مشترکہ بحری مشقوں کا آغاز کر دیا۔
دونوں ممالک کی بحری افواج کے دستوں پر مشتمل ایک مشترکہ کمان بھی قائم کی گئی ہے۔
یہ مشقیں تین مراحل میں منعقد کی جائیں گی جن میں دستوں کی صف بندی، بندرگاہ پر منصوبہ بندی اور سمندر میں آپریشنز شامل ہیں۔ افواج کی صف بندی کا مرحلہ اتوار کے روز مکمل ہو گیا تھا۔
افتتاحی تقریب کے بعد دونوں بحری افواج نے کمان اور حربی ہم آہنگی سے متعلق مشقیں کیں۔ مشترکہ کمان نے سمندر میں ہونے والے مرحلے کی اہم مشقوں کے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔
اگلے مرحلے میں شریک جنگی بحری جہاز چھنگ ڈاؤ کے قریب سمندری علاقے کی جانب روانہ ہوں گے، جہاں مشترکہ جاسوسی، فضائی اور میزائل دفاع، نیز ہتھیاروں کے عملی استعمال سے متعلق مشقیں کی جائیں گی۔


