استنبول (لارڈ میڈیا): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق دار نے کہا ہے کہ بدلتی عالمی صورتحال میں معاشی شراکت داری کی وسعت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بی ٹو بی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے ایک دوسرے کا ہمیشہ بھرپور ساتھ دیا ہے، دونوں ملکوں کی قیادت اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ ہمارا اثاثہ ہے اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔
اسحاق دار نے کہا کہ بدلتے عالمی منظر نامے میں معاشی تعاون کی جہت بھی تبدیل ہو چکی ہے اور موجودہ دور کی سفارت کاری میں معیشت انتہائی اہم جزو ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور آئی ٹی، کان کنی، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔


