اسلام آباد (لارڈ میڈیا): استحکام پاکستان پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر میں اپنی قیادت کا اعلان کرتے ہوئے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو صدر مقرر کر دیا ہے۔ پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے ان کی تقرری کی منظوری دی ہے جبکہ نثار عنصر ابدالی کو جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔
دونوں تقرریوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن عبدالعلیم خان کے دستخطوں سے جاری کر دیا گیا ہے۔ پارٹی قیادت نے کہا ہے کہ ان تقرریوں کا مقصد آزاد کشمیر میں پارٹی کو مزید فعال بنانا اور عوامی رابطہ مہم کو وسعت دینا ہے۔
عبدالعلیم خان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت کی باریاں لینے والے اپنے منشور پر عمل نہیں کر سکے اور استحکام پاکستان پارٹی ترقی کا خواب پورا کرے گی۔ انہوں نے سردار تنویر الیاس کو پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے موقع دیا تو آزاد کشمیر کو خوبصورت اور ترقی یافتہ بنایا جائے گا، کشمیری نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے، سیاحت کو جدید خطوط پر فروغ دیا جائے گا اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ کشمیر کی ترقی کے لیے اچھی سڑکیں، جدید سروس ایریاز اور بہتر سیاحتی ماحول ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی قدرتی خوبصورتی کو بہتر منصوبہ بندی اور جدید انفراسٹرکچر کے ذریعے مزید اجاگر کیا جا سکتا ہے۔


