ہومتازہ ترینمرحوم ایرانی سپریم لیڈر کے جنازے میں 100 سے زائد ممالک کے...

مرحوم ایرانی سپریم لیڈر کے جنازے میں 100 سے زائد ممالک کے حکام شریک ہوں گے، ایرانی وزارت خارجہ

تہران (شِنہوا) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران کے مرحوم سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے جنازے میں 100 سے زائد ممالک کے حکام شرکت کریں گے۔

سرکاری ٹی وی آئی آر آئی بی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں اسماعیل بقائی نے بتایا کہ غیر ملکی مہمانوں میں سربراہان مملکت، پارلیمان کے سپیکرز، وزرائے خارجہ، مختلف حکومتوں کے خصوصی نمائندے، ممتاز شخصیات اور عوامی تنظیموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم رہنما کے دیدار اور تجہیز و تکفین کی تقریبات ایرانی عوام کے لئے ایک تاریخی اور نہایت اہم موقع ہیں۔

اسماعیل بقائی کے مطابق خراج عقیدت اور الوداعی تقریبات جمعہ کی صبح تہران میں شخصیات اور عوامی گروہوں کی شرکت سے شروع ہوئیں جبکہ سہ پہر کے وقت اعلیٰ غیر ملکی حکام اور سیاسی رہنماؤں نے ان تقریبات میں شرکت کی۔

منگل کو ایران کے نائب وزیرِ داخلہ اور تدفین کے متعلق انتظامی کمیٹی کے سربراہ علی اکبر پور جمشیدیان نے بتایا تھا کہ جمعہ کی تقریب کے بعد ہفتہ اور اتوار کو تہران میں امام خمینی کے مصلیٰ میں مزید الوداعی تقریبات منعقد ہوں گی جبکہ پیر کو جنازے کا جلوس نکالا جائے گا جس میں ایران اور خطے کے دیگر ممالک سے بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 7 جولائی کو ایران کے وسطی شہر قم میں ایک تقریب منعقد ہوگی جبکہ 8 جولائی کو مرحوم رہنما کے جسد خاکی کو مزید رسومات کے لئے عراق منتقل کیا جائے گا۔ ان کی تدفین 9 جولائی کو ایران کے شمال مشرقی شہر مشہد میں کی جائے گی۔

ایرانی حکام نے ان تقریبات کے انعقاد کے لئے ہفتہ سے منگل تک تہران میں سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا ہے ۔ ایرانی حکام نے جمعرات کو قومی سوگ کا دن قرار دیا ہے۔

علی خامنہ ای 28 فروری کو تہران میں امریکہ اور اسرائیل کے ایک حملے میں شہید ہو گئے تھے۔ ان کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کو مارچ میں ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا تھا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں