تہران (لارڈ میڈیا): ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے قائم مقام کمانڈر احمد واحدی حالیہ جنگ کے بعد پہلی بار عوامی سطح پر منظرعام پر آئے ہیں۔ احمد واحدی نے تہران میں شہید سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی آخری رسومات کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اعلیٰ حکومتی اور عسکری شخصیات کے ہمراہ حاضری دی۔
یہ احمد واحدی کی پہلی عوامی موجودگی سمجھی جا رہی ہے کیونکہ وہ حالیہ جنگ کے آغاز اور پاسدارانِ انقلاب کی قیادت سنبھالنے کے بعد سے عوامی تقریبات میں نظر نہیں آئے تھے۔
یاد رہے کہ یکم مارچ 2026 کو پاسدارانِ انقلاب کے سابق کمانڈر محمد پاکپور کی امریکی اور اسرائیلی حملوں میں شہادت کے بعد احمد واحدی کو قائم مقام کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔ اس وقت ایران کو شدید سکیورٹی اور عسکری چیلنجز کا سامنا تھا۔
ایران میں شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی تدفین اور آخری رسومات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ حکام کے مطابق مختلف شہروں میں تعزیتی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جبکہ لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق احمد واحدی کی عوامی سطح پر دوبارہ موجودگی کو ایران کی عسکری قیادت کے استحکام اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے ایک اہم علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب خطے میں کشیدگی اور سکیورٹی خدشات بدستور موجود ہیں۔


