میکسیکو (لارڈ میڈیا): میکسیکو کے قصبے سان پیڈرو ہوامیلولا میں میئر ڈینیئل گوٹیریز نے ایک انوکھی رسم کے تحت مادہ مگرمچھ سے شادی کی ہے۔ یہ شادی صدیوں پرانی روایت کا حصہ ہے جس کا مقصد علاقے میں خوشحالی اور بہترین فصلوں کے لیے دھرتی ماں کا شکریہ ادا کرنا ہے۔
محفل میں مادہ مگرمچھ کو عروسی لباس پہنایا گیا اور حفاظتی تدابیر کے تحت اس کا منہ باندھ دیا گیا۔ مقامی لوگوں نے روایتی ملبوسات پہن کر رقص کیا اور دلہن کو گھروں میں لے جا کر برکت حاصل کی۔
یہ رسم ہسپانوی دور سے قبل دو قدیم قبائل چونٹل اور ہواوے کے درمیان تاریخی امن معاہدے کی یادگار ہے۔ میئر چونٹل قبیلے کے بادشاہ کا کردار ادا کرتے ہیں جبکہ مادہ مگرمچھ ہواوے قبیلے کی شہزادی کا۔
مقامی ثقافت میں مادہ مگرمچھ کو مدر ارتھ کی نمائندہ دیوی مانا جاتا ہے اور میئر کا اس سے شادی کرنا انسان اور قدرتی طاقتوں کے ملاپ کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
سان پیڈرو ہوامیلولا کے لوگ اس رسم کو اپنی بقا اور ثقافت کے ساتھ جینے کا حصہ سمجھتے ہیں۔


