کراچی (لارڈ میڈیا): سندھ حکومت نے روزگار کی فراہمی کے پائلٹ منصوبے ‘آئی ورک فار سندھ’ کو باقاعدہ سرکاری پروگرام بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ ‘آئی ورک فار سندھ’ روزگار فراہم کرنے والے اداروں کیلئے ایک مؤثر ڈیجیٹل پلیٹ فارم بن چکا ہے، جس پر اب تک 48 لاکھ سے زائد افراد وزٹ کر چکے ہیں۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ایک لاکھ 13 ہزار امیدوار رجسٹریشن کرا چکے ہیں جبکہ 670 کمپنیاں بھی پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہیں۔ اس وقت 11 ہزار 100 ملازمتیں فعال ہیں اور مجموعی طور پر 20 ہزار 800 ملازمتیں پوسٹ کی جا چکی ہیں۔ اب تک 4 لاکھ 19 ہزار سے زائد ملازمت کی درخواستیں جمع کروائی جا چکی ہیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کے اہم اجلاس میں ‘آئی ورک فار سندھ’ کو مزید مؤثر، مربوط اور جدید انداز میں چلانے کے لئے جامع حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر نوجوانوں تک سرکاری و نجی روزگار کے مواقع مؤثر انداز میں پہنچانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرجیل میمن نے اعلان کیا کہ جلد ہی پورٹل پر صنعتی ماہرین کی جانب سے کیریئر کونسلنگ کی سہولت بھی متعارف کرائی جائے گی، جس کے ذریعے نوجوانوں کو براہ راست کیریئر رہنمائی فراہم کی جائے گی۔


