بریشا (لارڈ میڈیا): پاکستانی شہری نوید اسلم کو اٹلی کے شہر بریشا میں بچوں کو حملہ آور سے بچانے پر یادگاری شیلڈ سے نوازا گیا۔ بریشا کی میئر لورا کاسٹیلیتی نے نوید اسلم کے اعزاز میں تقریب منعقد کی اور انہیں ‘ہیرو آف بریشا’ قرار دیا ہے۔
نوید اسلم نے بریشا کے البیرینی پارک میں ایک نائجیرین شہری کو بچوں پر حملہ کرنے سے روکا۔ نوید اسلم نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ پارک میں تھے جب ایک شخص نے بچوں پر حملہ کیا۔ نوید نے اپنی اہلیہ کو پولیس ہیلپ لائن کال کرنے کو کہا اور خود حملہ آور کو قابو کیا۔
حملہ آور کی شناخت 29 سالہ نائجیرین شہری کے طور پر ہوئی ہے جو اٹلی میں قانونی طور پر مقیم تھا۔ اس حملے کے دوران نوید کے گھٹنے، بازو اور کہنیاں زخمی ہوئیں۔ پولیس نے بعد میں حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔
بریشا کی میئر نے کہا کہ اس واقعے کے بعد نائجیرین شہری کا رہائشی پرمٹ منسوخ کرنے اور ملک بدر کرنے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی کی ریجنل کونسلر نے ذہنی صحت پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
نوید اسلم سنہ 2018 سے اٹلی میں مقیم ہیں اور چار بچوں کے والد ہیں۔ اس واقعے کے بعد متاثرہ بچوں اور نوید کو معمولی چوٹوں کے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔


