لاہور (لارڈ میڈیا): لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے سانحہ کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پیش کر دی گئی ہے۔ رپورٹ میں حادثہ کی وجہ چھت پر زیادہ ملبہ ڈالنے کو قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹی آر گارڈر کی چھت پر بچوں کی موجودگی میں مٹی ڈالنا غیر ذمہ داری تھی، جس کی وجہ سے کمزور ڈھانچہ اضافی بوجھ برداشت نہ کر سکا۔ ماہرین کی رائے بھی رپورٹ میں شامل کی گئی ہے۔
حادثہ کے وقت ایک ٹیچر سمیت 20 بچے چھت کے نیچے موجود تھے، جن میں سے 14 بچے جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔ بچوں کی اموات سر کی ہڈیوں پر چوٹیں آنے سے ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق تاحال کسی سرکاری اہلکار کی غفلت نہیں پائی گئی۔ گھر کے مالک اور اسکے بھائی سمیت 5 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے رپورٹ پر غور شروع کر دیا ہے اور کہا ہے کہ شہر بھر کے ٹیوشن سینٹرز کو ایس او پیز مکمل کرنا ہوں گے۔


