ساؤ پاؤلو (لارڈ میڈیا): افغان طالبان کی جابرانہ پالیسیوں اور یورپی دورے کے خلاف برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرے کا اہتمام انسانی حقوق کی تنظیم وائس آف وومن نے کیا، جس میں افغان مہاجرین سمیت مقامی اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے افغان خواتین کی آزادی، تعلیم اور روزگار کا مطالبہ کرتے ہوئے طالبان کے خلاف نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے پرتگالی زبان میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ‘طالبان کو تسلیم نہ کریں’ اور ‘افغان خواتین کا ساتھ دیں’ جیسے نعرے درج تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کو یورپی پارلیمنٹ میں مدعو کرنا انسانیت کے خلاف جرم ہے۔
عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ افغان طالبان کو دہشت گرد گروپ تسلیم کیا جائے اور انہیں انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب قرار دیا جائے۔ ماہرین کے مطابق طالبان کو عالمی قبولیت دینا انتہا پسند نظریات کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ برازیل میں احتجاجی مظاہرہ عالمی رائے عامہ کی ناراضگی کا اظہار ہے۔


