ساؤ پاؤلو (لارڈ میڈیا): افغان طالبان کی جابرانہ پالیسیوں اور یورپی دورے کے خلاف برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ وائس آف وومن تنظیم نے اس مظاہرے کا انعقاد کیا جس میں افغان مہاجرین، مقامی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندے شریک ہوئے۔ مظاہرین نے افغان خواتین کی آزادی، تعلیم اور روزگار کے حق میں نعرے لگائے۔
مظاہرین نے پرتگالی زبان میں بینرز اٹھائے جن پر طالبان کو تسلیم نہ کرنے اور افغان خواتین کے حق میں نعرے درج تھے۔ ان کا مؤقف تھا کہ طالبان کو یورپی پارلیمنٹ میں مدعو کرنا افغان عوام کے خلاف جرم ہے۔
مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ طالبان کو دہشت گرد گروپ قرار دیا جائے اور انسانیت کے خلاف جرائم کا مجرم تسلیم کیا جائے۔ تکنیکی رابطوں کے بہانے طالبان کی عالمی قبولیت انتہا پسند نظریات کی حوصلہ افزائی کرے گی۔


