کالام (لارڈ میڈیا):سوات کے علاقے مہوڈنڈ سے دو گھنٹے مسافت پر واقع سیف اللہ جھیل میں کشتی کے الٹنے سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 17 سالہ لڑکی لاپتہ ہو گئی ہے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق فوری طور پر سوات سے امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ روانہ کی گئیں اور کارروائیاں شروع کی گئیں۔
جاں بحق افراد میں 2 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں، سب کا تعلق لاہور کے جوہر ٹاؤن سے بتایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ تمام ضلعی انتظامیہ کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے حالیہ بارشوں اور فلش فلڈ سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق 3 افراد جاں بحق ہوئے اور 34 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔


