نوم پنہ (شِنہوا) کمبوڈیا کے انگ کور آثار قدیمہ پارک نے 2026 کے پہلے 6 ماہ کے دوران 33 ہزار 991 چینی سیاحوں کی میزبانی کی۔ یہ پارک یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہے۔
سرکاری ادارے انگ کور انٹرپرائز کی رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری سے جون تک اس تاریخی مقام پر آنے والے بین الاقوامی سیاحوں میں چین چوتھا بڑا ذریعہ رہا۔
رپورٹ کے مطابق صرف جون کے مہینے میں 4 ہزار 227 چینی سیاحوں نے انگ کور پارک کا دورہ کیا جس کے باعث بین الاقوامی سیاحوں کی آمد کے لحاظ سے چین دوسرے نمبر پر آ گیا۔
کمبوڈیا کے شمال مغربی صوبے سیم ریپ میں واقع 401 مربع کلومیٹر پر محیط انگ کور آثار قدیمہ پارک ملک کا سب سے مقبول سیاحتی مقام ہے۔ اس پارک میں 91 قدیم مندروں پر مشتمل تاریخی ورثہ موجود ہے، جو 9 ویں سے 13 ویں صدی کے درمیان تعمیر کئے گئے تھے.


