کراچی (لارڈ میڈیا): متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے الزام عائد کیا ہے کہ کراچی کے کلثوم بائی ولیکا اسپتال میں طبی عملے کی غفلت کے باعث 200 بچوں میں ایڈز پھیل گیا جس کے نتیجے میں 9 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کی سینئر رہنما کشور زہرا، زاہد منصوری اور سینئر ایڈوکیٹ طارق منصور نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں ڈسپوزل سرنج کے دوبارہ استعمال سے بچوں میں ایڈز پھیلا۔
زاہد منصوری نے صوبائی حکومت کو اس غفلت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے حکومت سندھ کے افسران اور وزیر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے متاثرین کو فوری علاج کی سہولیات اور جاں بحق بچوں کے لواحقین کو معاوضہ دینے کی اپیل کی۔
طارق منصور نے کہا کہ سیسی کا بھاری بھرکم بجٹ ہے، لیکن پھر بھی میڈیکل سپلائیز کے مسائل ہیں۔ انہوں نے ہائی کورٹ اور اقوام متحدہ میں درخواست دی ہے۔
پریس کانفرنس میں متاثرہ خاندانوں کے افراد بھی موجود تھے۔


